چیک پوسٹ پر طالبعلم کا قتل، ایف سی اہلکار کو عمر قید کی سزاء
سیشن جج سپیشل ٹاسک پشاور یونس خان نے حیات آباد چیک پوسٹ پر انجینئرنگ کے طالب علم کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکار کو جرم ثابت ہونے پر 25 سال قید بامشقت اور جرمانہ کی سزاء سنادی ہے۔
مدعی مقدمہ کی جانب سے اسفندیار خان اور محمد بلال جان ایڈوکیٹس نے مقدمے کی پیروی کی۔
استغاثہ کے مطابق ایف سی اہلکار شہزاد احمد ساکن اوگی مانسہرہ پر الزام ہے کہ اس نے 18 جولائی 2014 کو حیات آباد میں چیک پوسٹ پر دوران ڈیوٹی وہاں سے گزرنے والے انجینئرنگ کے طالب علم ساجد اللہ خان کو رکنے کا اشارہ دیا تاہم نہ رکنے پر اس پر فائر کھول دیا جس کے نتیجہ میں وہ جاں بحق ہوگیا تھا جس پر پولیس نے ایف سی اہلکار شہزاد احمد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے اور استغاثہ کی جانب سے ملزم پر جرم ثابت ہونے پر اسے عمر قید اور جرمانے کی سزاء سنا دی۔