ٹیسکو میں فاٹا کی آسامیوں پر غیرمتلقہ افراد کی بھرتیوں کا انکشاف

ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) نے سیفران کمیٹی کی جانب سے منع کرنے کے باوجود 38 نئے ملازمین بھرتی کیے ہیں جن میں 20 غیر مقامی افراد شامل ہیں۔ یہ انکشاف سینیٹر ہلال الرحمٰن کی صدارت میں ہونے والے سیفران اجلاس میں کیا گیا۔
اس موقع پر ٹیسکو چیف نے کمیٹی کو بتایا کہ نئے بھرتی کیے گئے ملازمین میں 18 کا تعلق فاٹا، 19 کا خیبر پختونخوا سے جبکہ ایک ملازم پنجاب سے بھرتی کیا گیا ہے جس پر کمیٹی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
کمیٹی کے مطابق پنجاب فاٹا کی بجلی پر ایک دھیلہ خرچ نہیں کرتا تو وہاں سے بھرتیاں کیوں کی گئیں اس کے باوجود کہ کمیٹی کی جانب سے نئی بھرتیوں کی ممانعت بھی کی گئی تھی۔
کمیٹی چیئرمین نے ٹیسکو چیف سے اس سلسلے میں مزید وضاحت طلب کی۔
اجلاس کو ایچ ای سی کی جانب سے بھی فاٹا میں جامعات اور وظائف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمیشن برائے اعلی تعلیم کے چیئرمین نے اجلاس کو بتایا کہ فاٹا کیلئے تین نئی جامعات کی منظوری دی گئی ہے تاہم ان پر عملی کام اراضی کی عدم دستیابی کے باعث رکا ہوا ہے۔
انہوں نے فاٹا پارلیمیٹیرینز کو تجویز پیش کی کہ اراضی کا بندوبست کریں تاکہ جامعات کی تعمیر کا اعلان کیا جا سکے۔ ایچ ای سی چیئرمین نے اجلاس کع مزید بتایا کہ کمیشن کی جانب سے وفاقی حکومت کو فاٹا کے طلباء کیلئے وزیراعظم کے فیس معافی پروگرام میں مزید پانچ سال کی توسیع کی سفارش بھی کی گئی ہے۔