وزیراعظم پر واضح کیا کہ فاٹا انضمام کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔ فاٹا گرینڈ الائنس
فاٹا اصلاحات کی مخالفت میں قائم فاٹا گرینڈ الائنس نے گزشتہ روز وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ فاٹا انضمام ان کیلئے ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔
جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران فاٹا گرینڈ الائنس کے ملک صلاح الدین، ملک اسمعیل خان، ملک وزیر خان و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کی مخالفت پر وہ مولانا فضل الرحمٰن اور محمود خان اچکزئی کے مشکور ہیں جبکہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے اپنا موقف ان پر واضح کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا پارلیمینٹیرینز کو بالکل بھی یہ حق نہیں حاصل کہ وہ “دو کروڑ” قبائلی عوام کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔
انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور صحافی سلیم صافی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب تک یہ سارے کدھر تھے جب قبائل متاثرین کی زندگی گزار رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سارے لوگ اپنے مفادات کیلئے فاٹا کے معاملے کو استعمال کر رہے ہیں