میڈیکل طالب علم مقتول واجد خان کے خاندان کو انصاف دلانے کےلئے طلباء سڑکوں پر

پشاور کے علاقہ پشتہ خرہ اکیڈیمی ٹاؤن میں 2 روز قبل نامعلوم افراد کے ہاتھوں طالب علم کے قتل کے خلاف طلباء اور ینگ ڈاکٹرز نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینزر اٹھا رکھے تھے جن پر قاتلوں کی جلد گرفتاری سمیت دیگر مطالبات درج تھے۔
واضح رہے کہ سوات کا رہائشی 23 سالہ واجد علی خان ولد محمد شریف خان پشاور کے کبیر میڈیکل کالج کے فائنل ائیر کا طالب علم تھا جسے دو روز قبل جم سے واپسی کے دوران کینال روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، واجد کے قتل کا باقاعدہ ایف آئی آر سمیع اللہ ولد عبد الولی ساکن سوات حال پشاور کی مدعیت میں تھانہ پشتہ خرہ میں درج کیا گیا ہے ۔
واجد خان کے قتل کے خلاف طلباء اور ینگ ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے آج پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پشاور کے مختلف میڈیکل کالجوں کے طلباء اور ینگ ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ طالب علموں اور ینگ ڈاکٹرز نے اپنے ساتھی کے قتل پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقتول واجد علی کے والدین کو وہ تمام اخراجات ادا کئے جائیں جو اُنہوں نے اپنے بیٹے کی تعلیم پر خرچ کئے تھے اور قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے بصورت دیگر وہ احتجاجی تحریک کا آغاز کردیں گے۔
بعد ازاں پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔