میرانشاہ: مشتعل افراد کا بس پر پتھراؤ، 20 گرفتار

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) شمالی وزیرستان میں حکومت کی نگرانی میں چلنے والی ٹرانسپورٹ سروس کے ڈائیو بس پر پتھراؤ کے نتیجہ میں دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقع گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب پاکستان مارکیٹ میرانشاہ سے مسافروں سے بھری ڈائیو بس پشاور جارہی تھی۔
اس حوالے سے عینی شاہد جاوید درپہ خیل جو اس واقعہ میں زخمی بھی ہوا ہے نے بتایا کہ ‘بنوں میرانشاہ روڈ پر قطب خیل کے مقام پر سڑک پار کرنے والی ایک بکری بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی جس کے بعد مقامی افراد نے ڈرائیور اور کنڈیکٹرز کے ساتھ زبانی تکرار شروع کی جس کے دوران قطب خیل کے نوجوانوں نے ڈرائیور اور کنڈیکٹرز پر پتھراؤ شروع کردیا جس کے نتیجہ میں کنڈیکٹرز اور گاڑی میں موجود دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تاہم ڈرائیور نے موقع کی نذاکت کو بھانپتے ہوئے گاڑی بھگا دی اور قریب ہی واقع سکیورٹی چیک پوسٹ پر پہنچ کر فورسز کو واقعہ سے آگاہ کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے ملوث 20 افراد کو گرفتار کرلیا جن سے وطن کارڈز بھی لے لئے گئے ہیں تاہم اس حوالے سے مقامی انتظامیہ نے تصدیق نہیں کی۔