مہمندایجنسی، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے سروے ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

مہمند ایجنسی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سروے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے حکام نے سروے کی ذمہ داری سبکان نامی ایک ادارے کو دی تھی جس نے آگے سنگی نامی ایک اور ادارے کو یہ ذمہ داری سونپی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چار ماہ ڈیوٹی انجام دینے کے بعد ان کی دو ماہ کی تنخواہ ادا جبکہ دو ماہ کی روک لی گئی جبکہ اس کے علاوہ ادارے نے بغیر کسی وجہ یا بنیاد کے 20 ہزار فارمز بھی مسترد کیے۔
سروے ملازمین کے مطابق تنخواہ کے علاوہ ان کے ہارڈ ایریا الائونسز بھی انہیں نہیں دیے گئے جبکہ سنگی نے ایجنسی میں قائم اپنا دفتر بھی بند کر دیا ہے۔
انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا اور چیئرمین بی آئی ایس پی سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ این جی او کی بدعنوانیوں کا نوٹس لیا جائے اور ورکرز کو ان کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں یکہ غنڈ تحصیل کے سپروائزر گل نواز نے اس حوالے سے کہا کہ ہمارا حکام سے مطالبہ ہے کہ مسترد کیے گئے 20 ہزار فارمز کی توثیق کی جائے اور ہمیں ہماری تنخواہیں و دیگر بقایا جات ادا کیے جائیں۔