دھرنا، قبائلی عوام اسلام آباد کے ڈی چوک میں!

فاٹا اصلاحات میں تاخیر کیخلاف قبائلی عوام اور سیاسی جماعتوں کی ریلی اسلام آباد بلیو ایریا پہنچ گئی ہے۔ الحاج شاہ جی گل کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی اور دھرنے میں قبائلی عوام کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کے قئدین و کارکنان سمیت قبائلی خواتین بھی کثیر تعداد میں شریک ہیں۔
اسلام آباد کے ڈی چوک جاتے ہوئے دھرنے کے شرکاء اور اسلام آباد پولیس کے درمیان گرما گرمی بھی سامنے آئی تاہم بعدازاں انہیں جانے کی اجازت دیدی گئی۔
ڈی چوک میں دھرنے کے شرکاء سے عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین، غلام احمد بلور، ایمل ولی خان، جماعت اسلامی فاٹا کے امیر سردار خان اور پیپلز پارٹی کے اخون زادہ چٹن نے خطاب کیا۔مقررین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جب تک فاٹا اصلاحات نافذ نہیں کی جاتیں ان کا یہ دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اضافی نفری کے علاوہ کانٹا تار سے بھی ریڈ زون جانے والے رستے بند کیے گئے ہیں۔