تحصیل مکین کی بحالی وزیرستان میں امن کی عکاس ہے۔ اے پی اے

جنوبی وزیرستان سے 2010 میں فوجی آپریشن راہ نجات کے باعث قبائلیوں کی نقل مکانی کے ساتھ منتقل کیے گئے پولیٹیکل انتظامیہ کے دفاتر کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مکین تحصیل کے دفاتر اپنے اصل مقام کو منتقل کر دیے گئے۔
اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نائب دین داوڑ تھے۔
تحصیل دفاتر کی واپس منتقلی کو مقامی لوگوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کے مسائل میں واضح کمی آئے گی اور انہیں کامل یقین ہے کہ اب پورا وزیرستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
تقریب سے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے کہا کہ دفاتر کی بحالی سے نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ لدھا سرا روغہ ڈویژن کے عوام کو بھی سہولت حاصل ہو گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے وہ شبانہ روز محنت کریں گے اور جہاں کہیں ان کی ضرورت محسوس ہوگی وہاں وہ حاضر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفاتر کی منتقلی اس امر کی عکاس ہے کہ ایجنسی میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنا دی گئی ہے۔