بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے ماحولیاتی اثرات بارے رپورٹ طلب

پشاور ہائیکورٹ نے ادارہ برائے تحفظ ماحولیات خیبرپختونخوا سے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے ماحولیاتی اثرات بارے رپورٹ طلب کر لی۔
ہائیکورٹ میں جمیعت علماء اسلام ف کے رہنماء امان اللہ حقانی کی جانب سے بی آر ٹی کیخلاف دائر رٹ میں دیگر اعتراضات کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ منصوبے کے شہر کے ماحول پر برے اثرات مرتب ہوں گے جبکہ اس کے علاوہ کروڑوں کی لاگت سے بنائی گئی گرین بیلٹ بھی ختم کی جا رہی ہے۔
گزشتہ سماعت کے دوران حکومت سے ماحولیاتی اثرات بارے رپورٹ طلب کی گئی تھی جس کے جواب میں حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کی جانب سے دی گئی این او سی پیش کی جو معزز عدالت نے مسترد کر دی۔
عدالت عالیہ نے اس حوالے سے تحفظ ماحولیات ادارے سے تفصیلی رپورٹ طلب کی کہ بتایا جائے کہ اس کے ماحول پر اثرات کیا ہوں گے اور اس حوالے سے کیا کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ اگلی سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔
خیال رہے کہ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ بھی تیار نہیں کی گئی۔