ای علاج، مانسہرہ میں پہلے ٹیلی میڈیسن سنٹر کا افتتاح

محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے آن لائن علاج معالجے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا جس کے تحت دیگر شہروں میں بیٹھے ڈاکٹرز مریضوں کا آن لائن چیک اپ کر سکیں گے۔
ای علاج منصوبے کے تحت مانسہرہ میں پہلے ٹیلی میڈیسن سنٹر کا افتتاح صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے کیا ۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر صحت کا کہنا تھا کہ دوردراز علاقوں کے مریض سنٹر لائے جائیں گے جو ایک کنٹرول روم کے ساتھ منسلک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنتر آنے کے بعد پشاور یا دیگر بڑے شہروں میں بیٹھے ڈاکٹرز ان مریضوں کا آن لائن چیک اپ کریں گے۔
شہرام خان ترکئی نے مزید بتایا کہ منصوبہ صوبائی حکومت اور آئی بورڈ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے اور یہ ای گورننس پروگرام کا حصہ ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق منصوبے کا مانسہرہ میں آزمائشی بنیادوں پر آغاز کیا گیا ہے جس کی کامیابی کے بعد اسے دیگر بڑے شہروں تک توسیع دی جائے گی۔