شمالی وزیرستان میں غیرمعینہ مدت کیلئے کرفیو

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) شمالی وزیرستان میں آج جمعرات کے روز 10 بجے سے غیر معینہ مدت کےلئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی میں آج دن 10 بجے سے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جو غیر معینہ مدت تک نافذ رہے گا جس کے دوران کسی کو گھروں سے باہر نکلنے اور مارکیٹیں و دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سرکاری ذرائع نے کرفیو کے نفاذ کی وجوہات اور مدت کے حوالے سے تو نہیں بتایا تاہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہ کرفیو ممکنہ طور پر ‘وی آئی پی’ موومنٹ کی وجہ سے نافذ کیا گیا ہے تاکہ اس دوران کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔
دوسری جانب میرانشاہ روڈ پر ہمزونی کے علاقہ میں منگل 12 دسمبر کو نافذ کیا گیا کرفیو آج تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
یاد رہے کہ ہمزونی کے علاقہ علی خیل میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور ایک سپاہی بشارت جاں بحق جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے تھے جس کے بعد پولیٹیکل انتظامیہ نے ہمزونی میں میرانشاہ روڈ پر کرفیو نافذ کردیا تھا۔