سلمان بٹ کو اے ٹیم کا کپتان بنانا درست نہیں: شاہد آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی میں کوئی حرج نہیں لیکن انہیں اے ٹیم کا کپتان بنانا درست نہیں۔
کراچی میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نے نجی کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں نوجوان ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ہے تاہم یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایشیاء سے باہر پاکستانی ٹیم کو مشکلات ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس کا متبادل ڈھونڈنا آسان نہیں اور قومی بلے بازوں کا اصل امتحان انگلش وکٹوں پر ہو گا۔ سلمان بٹ کی بحیثیت کھلاڑی ٹیم میں واپسی میں کوئی حرج نہیں تاہم انہیں اے ٹیم کا کپتان بنانا درست نہیں ہو گا۔
فکسنگ کے حوالے سے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ جب تک سخت مثال قائم نہیں کی جائے گی اس وقت تک فکسنگ کا مکمل طور پر خاتمہ ممکن نہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں مستقل کارکردگی دکھانے والے فواد عالم کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کے سوال پر آفریدی نے بھی تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نا جانے کیوں انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کے سوال پر سابق آل راؤنڈر نے دلچپسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے آپ کو بریکنگ نیوز کی ضرورت ہے لیکن پانچ اکتوبر کو پتہ لگ جائے گا کہ میں کس ٹیم کی نمائندگی کروں گا۔