سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت مل گئی

سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دے دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی سرکاری میڈیا کی رپورٹ میں شاہی فرمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’شاہی فرمان کے تحت خواتین کو بھی مردوں کی طرح ڈرائیونگ لائسنسز کا اجراء کیا جائے گا اور دیگر ٹریفک قوانین لاگو کیے جائیں گے۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب میں مرحوم شاہ عبداللہ کے دور حکومت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل کا آغاز ہوا تھا اور شاہ عبداللہ نے 2013 میں خواتین کو شوریٰ کونسل میں شامل کرنے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے میونسل انتخابات میں خواتین کو حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کا بھی اعلان کیا تھا، جو دسمبر 2015 میں منعقد ہوئے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کے 87ویں قومی دن کے موقع پر اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کے لیے خواتین کو پہلی مرتبہ اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت بھی دی گئی تھی۔