بارشیں: ملاگوری میں چھت گرنے سے میاں، بیوی اور بیٹی جاں بحق، 4 زخمی

فائل فوٹو
خیبرایجنسی کی سب تحصیل ملاگوری میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے میاں، بیوی اور ان کی جوانسال بیٹی جاں بحق جبکہ 4 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
اتوار اور پیر کی نصف شب تقریباً 2 بجے کے قریب ملاگوری کے دورافتادہ علاقہ تاتارا میں امام حسین ولد میر حسین نامی شخص کے کمرے کی چھت بارش کے باعث منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں امام حسین، اس کی اہلیہ، بیٹی اور گھر کے دیگر 4 افراد ملبے تلے دب گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کل سول ہسپتال لوڑہ مینہ منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے امام حسین، اس کی اہلیہ اور بیٹی کی موت کی تصدیق کردی جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔